ہفتہ، 30 مئی، 2015

اپنا خیال رکھنا

میں نے دیکھا ہے کہ نارانون میری زندگی کے ہر شعبے میں مدد کر سکتی ہے، صرف نشے کے مرض میں ہی نہیں۔ میرا کام میں بہت تھکانے والا ہے اور کئی ملاقاتوں کی وجہ سے میرا دن بہت مصروف ہوتا ہے۔ پچھلے ہفتے میری بیس میٹنگز طے تھیں۔ یاد دہانی کی کالز کے باوجود کچھ لوگ نہیں آئے، اور کچھ نے وقت تبدیل کرنے کا کہا۔ چیزیں طے شدہ پروگرام کے تحت نہیں چل رہی تھیں۔ میری توقع تھی کہ ہفتہ آرام سے گزرے گا۔ نارانون میٹنگز میں جانے، بارہ قدموں پر کام کرنے اور اس پروگرام کے دوسرے طریقے استعمال کرنے سے پہلے میں بہت شکایت کرتی کہ ان لوگوں کو کوئی خیال ہی نہیں۔ ان کی جرات کیسے ہوئی کہ کوئی وعدہ کریں اور پھر اس پر عمل نہ کریں۔

میں سیکھ رہی ہوں کہ میں دوسروں سے یہ توقع نہیں رکھ سکتی کہ ان کی ترجیحات بھی میری ترجیحات جیسی ہوں۔ میں اپنا خیال رکھ سکتی ہوں یہ طے کرکے کہ مجھے کیا کرنا ہے اور اگر میں کسی کے رویے سے مایوس ہوں تو اس کو جانے دوں۔ میں اپنی توقعات کو جانے دے سکتی ہوں۔ میں اپنی مایوسیوں اور نا امیدیوں کا اقرار کر سکتی ہوں، مگر ساتھ ہی میں اس بات کا فیصلہ کر سکتی ہوں کہ میں نے کیا محسوس کرنا ہے۔ ناراض ہونے کی بجائے میں جیسے حالات ہوں انہیں ویسے ہی قبول کر سکتی ہوں۔ میں مثبت چیزوں کو دیکھ سکتی ہوں اور ان لوگوں کی قدر کر سکتی ہوں جو وقت پر مجھ سے ملنے آئیں اور اس بات کو سمجھ سکتی ہوں کہ کچھ لوگوں کوملاقات کا وقت تبدیل کرنے کی کیوں ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ 

آج کی سوچ

میں اپنا خیال رکھوں گی، اپنے شیڈول کا، اپنے محسوسات  کا اور اپنی ضروریات کا۔ مجھے یہ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں کہ مجھے ایک طرف پھینک دیا گیا ہے اور میں ناراضگی اور غصے سے آزاد ہو کر زندگی کے لمحات سے لطف اندوز ہو سکتی ہوں۔ 

’’کایا پلٹنے کا نتیجہ انسان کی سوچ، محسوسات اور رویوں میں تبدیلی میں ظاہر ہوتا ہے۔ مگر کایا پلٹنے کے اصل عمل میں ان چیزوں کو براہ راست تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں چیزوں کے بارے میں اپنا بنیادی نقطہ نظر تبدیل کرنے ضرورت ہوتی ہے۔‘‘~ میریلن شلٹز مینڈیلا، پی ایچ ڈی    

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں