ہفتہ، 10 اکتوبر، 2015

دسواں قدم

دسویں قدم کا روزانہ استعمال میری بحالی کے فوائد کو برقرار رکھنے میں میری مدد کرتا ہے۔ یہ مجھے ہمت دیتا ہے کہ میں اپنی زندگی کو بیکار جذبات سے پاک رکھوں اور رحمتوں کے خزانے سے لُطف اندوز ہوں۔ جب میں روزانہ اپنی زندگی پر نگاہ ڈالتا ہوں تو میں تسلیم کرتا ہوں کہ میں بے عیب نہیں ہوں، میں خود کو اپنے انسان ہونے کی یاد دہانی کراتا ہوں، اور میں اپنی غلطیوں کے احساسِ جُرم کو جانے دیتا ہوں تاکہ میں اپنی کامیابیوں سے لُطف اُٹھا سکوں۔

میں کئی سالوں سے نارانون میٹنگز میں جارہا تھا جس کے بعد مجھے اطمینان اور سکون کی دولت ملی، اور اب میں اسے قائم رکھنا چاہتا ہوں۔ میں نے اپنی بحالی کے ابتدائی سالوں میں کئی بار پہلے قدم کو دُہرایا۔ میری توجہ کا مرکز ابھی تک نشئی تھا۔ آخرکار جب میں نے شکست تسلیم کی اور نشئی پر اپنی بے بسی قبول کی تو میں نے اپنی بحالی کے اثرات کو محسوس کرنا شروع کیا۔

اب میں اپنے پاگل پن کو پہچان سکتا ہوں اور مدد کے لیے اپنی بالاتر طاقت سے رجوع کر سکتا ہوں۔ میں نے اپنی خامیوں کی فہرست بنانے کی جرآت پائی اور جیسے جیسے میں نے اپنی خامیوں اور کردار کے نقائص پر کام کیا میں نے اپنی زندگی میں مزید بہتری دیکھی۔ میں نے اپنے ماضی کے کچرے سے نمٹنا شروع کیا، اسے دُرست کیا یا اپنی زندگی سے جانے دیا۔

دسواں قدم بہت اہم ہے کیونکہ میں اپنی زندگی کو دوبارہ بیکار چیزوں سے نہیں بھرنا چاہتا۔ مجھے یقین ہے کہ اگر میں روزانہ کچھ وقت اپنی اچھی یا بُری سرگرمیوں پر نظر ڈالوں تو میں انہیں دُرست کرسکتا ہوں یا ان سے محظوظ ہو سکتا ہوں یا پھر انہیں جانے دے سکتا ہوں۔

مجھے پریشانی کے جنون میں خود کو سزا دینے کی ضرورت نہیں۔ روزانہ کی فہرست مجھے جھوٹے احساسِ جُرم سے آزادی اور جو ترقی میں نے پا لی ہے اسے قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ مجھے مزید ماضی کے کباڑ کو ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں، حتی کہ ایک دن کا کچرا بھی نہیں۔ میں اس روزانہ نمٹ سکتا ہوں اور اپنے اطمینان اور سکون کو قائم رکھ سکتا ہوں۔

 آج کی سوچ:

 میں ہر روز اپنی غلطیوں اور کامیابیوں سے نمٹوں گا۔ جہاں ضروری ہوگا میں فوراً اپنی غلطی کو دُرست کروں گا اور اپنی کامیابی سے لُطف اندوز ہوں گا۔ اس طرح میں اپنے اطمینان اور سکون کو قائم رکھ سکوں گا۔

’’اگر تم اپنے تجربے کو عقلمندی سے استعمال کرو تو کچھ بھی وقت کا ضیاع نہیں ہے۔‘‘ ~ آگسٹی روڈن

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں